11 نومبر، 2015

ضابطۂِ اخلاق برائے مانیٹرنگ تعلیمی ادارہ جات

جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ محکمۂِ تعلیم کے دیگر عملے کی طرح MEAs کے کام کرنے کے بھی کچھ اصول ہیں۔ حکومتِ پنجاب نے اس سلسلے میں ایک مراسلہ جاری کر رکھا ہے جس کی بابت محکمۂِ تعلیم کے ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ یہ تمام سربراہانِ مدرسہ وغیرہ کو پہنچایا جائے۔ لیکن آپ جانتے ہیں کہ یہ تکلیف اگر محکمہ کرتا تو ہمارے دکھ شاید آدھے رہ گئے ہوتے۔
ایک ایم ای اے سکول میں بچوں سے ٹیبلٹ پر ٹیسٹ لیتے ہوئے - تعلیمیات - LND - Literacy and numeracy drive - quality drive initiative - dsd - qdi test
خیر، ہم آپ کے سامنے اس مراسلے کی تازہ ترین صورت پیش کر رہے ہیں جو امسال 25 جون کو سامنے لائی گئی ہے۔ آپ اسے یہاں کلک کر محکمۂِ تعلیم پنجاب کی ویب سائٹ سے براہِ راست بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اسے غور سے پڑھیے۔ امید ہے کہ آپ کو کئی نئی باتیں معلوم ہوں گی۔ ہو سکے تو اس کی ایک نقل اپنے سکول میں بھی رکھ لیجیے۔ اس صورت میں فوجی یا آپ کے لیے اپنی حدود سے تجاوز کرنا آسان نہیں رہے گا۔

ذیل میں آپ کی سہولت کے لیے اس مراسلے کا متن دیا جا رہا ہے:

ضابطۂِ اخلاق برائے مانیٹرنگ تعلیمی ادارہ جات

(Code of Conduct for Monitoring)

وزیرِ اعلی پنجاب کے تعلیمی اصلاحی پروگرام پر مؤثر عمل درآمد اور نگرانی کے لیے آزادانہ مانیٹرنگ کا نظام موجود ہے جس کا مقصد سکولوں کی پراگریس براہِ راست مانیٹر اور رپورٹ کرنا ہے۔ مانیٹرنگ سے منسلک عملہ محکمۂِ تعلیم سے اس طور پر وابستہ ہے کہ اپنے فرائض کے ضمن میں غیر جانبدارانہ طور پر تعلیمی اداروں کی روزمرہ کی کارکردگی کا مشاہدہ عمل میں لایا جائے۔ M&EAs کے فرائض میں رپورٹنگ تو شامل ہے۔ جوابدہی کا اختیار ضلعی حکومت اور محکمۂِ تعلیم کے اعلیٰ افسران کے پاس ہے۔

مانیٹرنگ کے مقاصد کے لیے درج ذیل ضابطۂِ اخلاق وضع کیا گیا ہے

(الف) M&EAs صاحبان کے فرائض

  1. ڈیوٹی کے ضمن میں سب سے پہلے تعلیمی اداروں کے سربراہ سے رابطہ کریں اور معلومات کے حصول کے لیے اپنی شناخت/تعارف کرائیں۔ تمام معلومات کے حصول کے لیے سربراہِ ادارہ یا اس کے مقرر کردہ نمائندے کی بھی معاونت حاصل کریں۔ زنانہ تعلیمی اداروں میں اس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ سربراہِ ادارہ کے دفتر میں داخل ہونے سے قبل اپنی آمد کی اطلاع کریں۔ ہر M&EA کے پاس تعارفی کارڈ موجود ہو۔
  2. براہِ راست کلاسز میں جانے سے احتراز کریں۔
  3. M&EAs صاحبان کا رویہ سربراہِ ادارہ/اساتذۂِ کرام کے ساتھ عزت و احترام کی بنیاد پر ہو۔ نیز لڑکیوں کے سکولوں کے وزٹ کے دوران اساتذہ و طالبات کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں۔ خاص طور پر پردے کا احترام ملحوظِ خاطر رکھیں۔
  4. مجوزہ معلومات ٹیبلٹ میں صحیح اندراج کر کے Online بھیجنے سے پہلے متعلقہ سربراہِ ادارہ کو دکھا لیں۔
  5. ٹیبلٹ میں اندراج شدہ معلومات سے ہٹ کر سکول کے امور میں مداخلت کی ہرگز اجازت نہ ہے اور نہ ہی ادارے کے انتظام و انصرام کے معاملات میں مشاورت یا مداخلت کرنے کے مجاز ہیں۔
  6. تعلیمی اداروں سے معلومات حاصل کرنے کے لیے حکومتِ پنجاب کے مقرر کردہ اوقاتِ مدرسہ کے دوران ہی مدارس میں جائیں۔
  7. سکول کے ریکارڈ میں کسی بھی جگہ کوئی اندراج نہ کیا جائے اور اگر ناگزیر ہو تو اپنی موجودگی میں سربراہ سے کروایا جائے۔
  8. کلاس رومز میں بچوں سے تمام معلومات استاد یا سکول سربراہ کی موجودگی میں حاصل کریں۔
  9. سرکاری طور پر دی گئی موٹر سائیکل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
  10. تعلیمی اداروں کے اندر اساتذہ کی Meeting بلانے کے مجاز نہ ہیں۔
  11. ٹیبلٹ میں درج شدہ معلومات کے علاوہ اساتذہ، طلبا و طالبات کے کسی ذاتی معاملہ کی نشان دہی کی قطعاً اجازت نہ ہے۔ نیز سربراہِ ادارہ، اساتذۂِ کرام اور طلبا و طالبات کے لباس، وضع قطع اور تراش وغیرہ پر اظہارِ رائے سے گریز کریں۔

(ب) سربراہانِ ادارہ جات کے فرائض

  1. M&EAs صاحبان کو درست/صحیح معلومات فراہم کریں۔ معلومات کی فراہمی میں ذمہ داری سے کام لیا جائے اور حقائق کے اخفا سے اجتناب برتا جائے۔ 
  2. سکول میں تمام سٹاف (تدریسی و غیر تدریسی) کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی کاپی دستیاب ہونی چاہیے۔
  3. سکول میں SMC فنڈ، فروغِ تعلیم فنڈ، رجسٹر حاضری، مفت کتابوں کا ریکارڈ اور رجسٹر داخلہ/خارجہ ہر وقت مکمل حالت میں موجود ہوں۔ اگر سربراہِ ادارہ بوجوہ سکول میں موجود نہ ہے تو وہ جاتے ہوئے تمام ریکارڈ اپنے نائب انچارج کے سپرد کر کے جائے۔ M&EAs کے معائنہ جات کے دوران تمام تر ریکارڈ میسر ہو۔
  4. سربراہانِ ادارہ جات ٹیبلٹ میں دی گئی معلومات کے مطابق تمام تر سرکاری ریکارڈ دکھانے کے پابند ہوں گے۔
  5. سربراہانِ ادارہ جات مانیٹرنگ کے عمل کو خوشگوار بنائیں۔
رانا عبدالقیوم خان
ڈپٹی ڈائریکٹر (مانیٹرنگ)، سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ

اور اب یہ لیجیے اصل مراسلہ:

ضابطۂِ اخلاق برائے مانیٹرنگ تعلیمی تعلیمی ادارہ جات - تعلیمیات - code of conduct for monitoring - meas - m&EAs - School Education department punjab

اب تک کسی نے اس مراسلے پر تبصرہ نہیں کیا...
سب سے پہلے آپ ہی رائے دیجیے!

کیا خیال ہے؟